پشاور(سٹاف رپورٹر)پشاورہائیکورٹ نے قرآنی آیات کے غلط ترجمہ سے متعلق کیس میں تمام سکولوں سے غلط کتب اٹھانے کے احکامات جاری کردئیے ۔کیس کی سماعت جسٹس قیصر رشید اور جسٹس عبدالشکور نے کی، ابرار حسین نامی شخص نے اسلامیات کی کتاب میں مال غنیمت کو لوٹ کا مال لکھنے کیخلاف رٹ دائر کی تھی۔ دوران سماعت ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سکندر شاہ اور ٹیکسٹ بک بورڈ کے حکام عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے اسلامیات کی ٹھیک ترجمہ والی کتاب عدالت میں پیش کی۔ درخواست گزارکاموقف تھاکہ سکول میں اب بھی غلط ترجمہ والی کتاب پڑھائی جارہی ہے جس پرجسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دئیے کہ یہ ٹیکسٹ بک بورڈ کی کارکردگی ہے ،کتاب کا ترجمہ کرنے والا عالم دین سے لاعلم تھا؟ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کوبتایاکہ سرکاری سکولوں سے کتابیں اٹھالی گئی ہیں ،جسٹس قیصر رشید نے استفسارکیاکہ کیا سرکاری سکولوں میں صحیح اور پرائیویٹ سکولوں میں غلط کتاب پڑھائی جائے گی ۔دلائل سننے کے بعدعدالت نے تمام سکولوں سے غلط کتب اٹھانے کے احکامات جاری کردئیے ۔