لاہور،قصور (نمائندہ خصوصی سے ، ڈسٹر کٹ رپورٹر ) بر صغیر پاک و ہند کے عظم صوفی شاعر حضرت بابا بلھے شاہ ؒ کے 262ویں سالانہ عرس کی تقریبات آج سے قصور میں شروع ہوں گی ۔ گزشتہ شام مزار پر انوار حضرت بابا بلھے شاہ ؒ کے احاطہ میں چراغاں کی رسم ادا کی گئی۔ ملک بھر سے آ ئے زائرین نے دئیے اور موم بتیاں جلا کر چراغاں کیا اور اپنی منتیں اتاریں۔آج سے 26اگست سوموار تک عرس تقریبات کا باضابطہ افتتاح دوپہر 2بجے رسم چادر پوشی سے ہو گا۔چیئرمین امور مذہبہ کمیٹی مہر محمد یاسین اور ممبران سید سلیم قادرشاہ چشتی فریدی محمدطارق نقیبی اور مینجر اوقاف گلاب ارشاد و دیگر انتظامیہ کے مطابق ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن رائو ندیم اختر، ایڈمنسٹریٹر لاہور زون محمد اشرف، منیجر گلاب ارشادکے علاوہ عمائدین شہر منوں عرق گلاب سے مزار پر انوار کو غسل دیں گے ۔صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ مزار پر چادر چڑھا کر عرس کی تقریبات کا افتتاح کریں گے ۔سیکرٹری اوقاف ذوالفقار احمد گھمن، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر قصور، ڈی پی او قصور،ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری و دیگر بھی ان کے ہمراہ ہوں گے ۔ سالانہ عرس تقریبات کے پہلے روز ’’بلھے شاہ عالمی کانفرنس‘‘ کا افتتاح بھی ہو گا۔ بعد از نماز عشاء محفل مشاعرہ ہوگی اور رات 12 بجے محفل نعت ہوگی۔ 25اگست کو بعد نماز شاہ محفل سماع ہوگی جب کی آخری روز 26اگست کی بعد نماز عشاء ہونے والی مرکزی محفل سماع کی صدارت سید پیر علی حیدر شاہ بخاری سجادہ نشین خواجہ دائم حضوری قصوری کرینگے اور نقابت کے فرائض الحاج شوکت نقشبند ی انجام دیں گے اور ملک کے معروف قوال عارف فیروز کلام بلھے شاہ پیش کریں گے ۔ محکمہ اوقاف پنجاب نے 3 لاکھ 53ہزار روپے سالانہ عرس گرانٹ جاری کی ہے ۔عرس کے موقع پر تقریبا 220کے قریب ٹریفک افسران و ملازمین ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔ شہر میں پرانا لاری اڈا ، دوسہرہ گراؤنڈ ،للیانی اڈا ٹیکسی سٹینڈ ، بلدیہ چوک،اور زکی اڈا فیروز پور روڈ پر پارکنگ کے انتظامات کئے گئے ہیں۔