لاہور، قصور، نوشہرہ ورکاں ، وزیر آباد ( سپیشل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ، نامہ نگاران ) قصورکے نواحی گاؤں بھیڑ سوڈیاں میں مبینہ بد چلنی کے شبہ کی بنا پر کزن نے دو سگی بہنوں کو گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتار دیا ، علی رضا کو شک تھا کہ اس کی خالہ زاد بہنوں نرگس اور فضیلت کا چال چلن ٹھیک نہیں ، اس نے دونوں کو یکے بعد دیگرے گلا دبا کر مار ڈالا ، ایک شادی شدہ ، دوسری کنواری تھی، نوشہرہ ورکاں میں مقدمہ بازی کی رنجش پر صلح کیلئے آنے والوں پر مخالفین نے فائرنگ کردی جس میں نوجوان گلفام شہزاد جاں بحق ہوگیا، وزیرآباد میں الہ آباد کے محلہ پاک ٹائون میں گھریلو جھگڑے پر عدیل نے چھریوں کے وار کر کے بیو ی شازیہ کو قتل اور ساس کو زخمی کردیا، ملزم نے اپنے پیٹ میں چھریاں مار کر خودکشی کی کوشش بھی کی ۔ لاہور کے علاقے برکی میں خالی پلاٹ میں بکری داخل ہونے کے تنازع پر ہمسایوں کی جانب سے ڈنڈوں سے تشدد کرکے قتل کئے گئے نوجوان کی نعش لواحقین کے حوالے کردی گئی، مقتول حسیب کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا، ملزمان گھروں کو تالے لگا کر کہیں روپوش ہوگئے ، رام پوروباٹا پور کے امجد علی کے مطابق وہ مقامی فیکٹری میں ملازمت کرتا اور اس نے گھر میں ایک بکری پال رکھی ہے ، 17اگست کو شام پانچ بجے امجد کا بیٹا بکری لیکر نکلا تو بکری خالی پلاٹ سے پودے کی ٹہنی کھانے لگی جس پر کاشف گالیاں دینے لگا، ہم نے گھر سے نکل کر اسے منع کیا تو وہ دھمکیاں دیتا ہوا گیا اور رشتہ داروں مشتاق، بشیر، میرم خان ، حاجراں بی بی اور بسمیاں بی بی کے ساتھ آگیا، سب نے ڈنڈوں اور لوہے کے راڈ سے حملہ کردیا، حسیب اور مقصود کو زخمی کردیا گیا، حسیب ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ دریں اثنا باغبانپورہ سے 22 سالہ نوجوان کی خون میں لت پت لاش برآمد ہوگئی، محمود بوٹی کے قریب مارکیٹ میں اکبر کی نعش ملی جو نشے کا عادی تھا، اکبر کا بھائی بھی 3 ماہ قبل نشہ کی زیادتی سے جاں بحق ہوچکا ہے ، شبہ ہے اکبر بھی نشہ کی زیادتی سے چل بسا، حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئینگے ۔