قصور ،چونیاں،الہ آباد ، ٹھینگ موڑ(ڈسٹر کٹ رپورٹر،تحصیل رپورٹر،نامہ نگار ) ضلع قصور میں بچوں کا معمہ بن گیا،چار روز میں تیسرے بچے کو اغوا کرلیا گیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ تھانہ کنگن پور کی حدود گرڈسٹیشن کے قریب بھٹہ پر کام کرنے والے مزدوریٰسین کے 16 دن کے بیٹے ایان علی کو گھر سے نامعلوم اغوا کار دوائی کے بہانے عورت اور ایک مرد اٹھا کر لے گئے ۔ بچے کے والدین محنت مزدوری کے سلسلہ میں قریبی بھٹہ پر کام کے سلسلہ میں گئے ہوئے تھے جبکہ چھوٹے بچے گھر پر موجود تھے کہ ایک خاتون اغواء کار موٹرسائیکل پر ایک نامعلوم مرد کے ہمراہ آئی، بچوں کو ورغلا کر سولہ دن کے ایان علی کو دوائی کے بہانے اٹھا کر لے گئی۔ یاد رہے کہ گذشتہ چار دنوں میں بونگی کلیاں کے رہائشی نیازاحمد کے بیس دن بچے ،بھاگیوال کے رہائشی عباس کی چھ دن کی بیٹی کو بھی اغوا کیا جا چکا ہے ۔پولیس نے مقدمات درج کر لئے ہیں تاہم کوئی ملزم گرفتار نہیں کیا جاسکا ۔دریں اثنا ڈی پی او قصور زاہد نواز مروت نے مغوی بچے کے گھرآ کر کم سن بچوں کے اغوا کی بابت 10 ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جبکہ متاثرہ والدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔