اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ افرادی قوت کو قطر بھجوانے کے لیے درپیش رکاوٹیں دور کی جائیں۔ اس سلسلہ میں انہوں نے ملک بھر میں ڈویژنل سطح پر میڈیکل ٹیسٹ ویزا سنٹر قائم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف ایک شہر اسلام آباد میں میڈیکل ٹیسٹ ویزا سنٹر ہونے کی وجہ سے قطر جانے والے ہنرمندوں کو مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے کئی لوگ قطر جانے سے رہ جاتے ہیں۔ صورتحال یہ ہے کہ سعودی عرب، بحرین، مسقط اور کویت جانے کے لیے گوجرانوالہ میں آٹھ اور لاہور میں 18میڈیکل ٹیسٹ سنٹر قائم کیے گئے تو پھر قطر جانے والوں کے لیے صرف ایک شہراسلام آباد میں ہی ایک میڈیکل سینٹر قائم کر کے کیوں امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔ یہ میڈیکل سینٹر ڈویژنل سطح پر بھی قائم ہونے چاہیئں تا کہ قطر جانے والے مقامی ہنرمندوں کو اسلام آباد کا سفر اختیار نہ کرنا پڑے اور ان کا وقت ضائع نہ ہو،۔ یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ اس تاخیر کی وجہ سے بعض اوقات مختلف کمپنیوں کی طرف دی گئی تاریخ گزر جانے کی وجہ سے ہنرمندوں کو قطر بھجوانا مشکل ہو رہا ہے۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اووسیز ایمپلائز پروموٹرز ایسوسی ایشن کی تجاویز غور کر کے ان کی مشکلات دور کی جائیں تا کہ محنت کش حصول روزگار کے لئے بروقت قطر جا سکیں۔