اسلام آباد (وقائع نگار) قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان پاکستان پہنچ گئے ۔قطر کے وزیر خارجہ کی پاکستان آمد پر وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نور خان ائیر بیس پر ان سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے اپنے قطری ہم منصب محمد بن عبدالرحمان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا ۔ اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور امیر قطر کے دورہ پاکستان سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان قطر کیساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔ قطری وزیر خارجہ کا کہنا تھا قطر پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے ۔ پاکستان اور قطرکے تعلقات ہمیشہ قریبی اور دوستانہ رہے ہیں۔پاکستان میں توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فیفا ورلڈ کپ میں ہم پاکستان سے افرادی قوت کے خواہاں ہیں۔ دوسری جانب قطر کے ساتھ مجوزہ ایک روزہ بزنس کانفرنس منسوخ کر دی گئی ہے ۔