لاہور، قلعہ سیف اﷲ (کرائم رپورٹر ، نامہ نگار ) قلعہ سیف اﷲ مین بازارکے قریب جنکشن چوک پردہشتگردوں کی فائرنگ سے 2لیویز اہلکارشہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق اہلکار ڈیوٹی پر موجود تھے کہ دہشتگردوں نے اچانک فائرنگ کردی ۔ زخمی اہلکار کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، سیکورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات شروع کردی ہے ۔ قلعہ سیف اﷲ میں لیویز اہلکار کی گزشتہ دنوں ہلاکت کے خلاف شٹرڈائون ہڑتال کی گئی تھی ، مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی ریلی اور مظاہرے کا انعقاد کیاگیاتھا۔ وزیراعلیٰ جام کمال نے واقعہ پر اظہار افسوس کیا اور تخریب کاروں کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی۔ حیدرآباد میں دہشتگردی کا نیٹ ورک پکڑا گیا،2دہشتگرد گرفتار کرلئے گئے ، حکام کے مطابق محرم الحرام میں دہشتگردی کا منصوبہ بنایا جارہا تھا،ملزمان کے قبضے سے 5کلو وزنی دیسی ساختہ بم اور 4ہینڈ گرنیڈز برآمد ہوئے ،ملزمان عدالت میں پیش کئے گئے اور ان کا 7 دن کا ریمانڈ حاصل کرلیا گیا، پھلیلی پولیس نے آفندی ٹائون کے مقام پر جئے سندھ متحدہ محاذ (جسمم) اصغر گروپ سے تعلق رکھنے والے دو مبینہ دہشت گردوں نیاز حسین اوربلال چانڈیو کو گرفتار کیا۔ دریں اثنا راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج سلیمان بیگ نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے 5دہشتگردوں رضوان اﷲ، لال دین،مالک جا ن، عدنان اور شیر حسن کو 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کی تحویل میں دیدیا ۔ گرفتار دہشتگرداٹک میں این ڈی سی بس اور نوشہرہ میں ایف سی کے قافلے پر حملوں میں بھی ملوث ہیں ۔ تحصیل رپورٹر کے مطابق دہشتگردوںکو گزشتہ روز ٹیکسلا سے گرفتار کیا گیا تھا جو یوم عاشور کے موقع پردھماکے کی منصوبہ بندی کررہے تھے ۔ شدت پسندوںکے قبضے سے 2خود کش جیکٹس ، 4بم اوردیگر بارودی موادبرآ مد ہوا تھا۔