کراچی،نئی دہلی (نیٹ نیوز)سوشل میڈیا پر اپنے بولڈ سٹائل سے شہرت پانے اور غیرت کے نام پر اپنے ہی بھائی کے ہاتھوں جان گنوانے والی پاکستانی ماڈل قندیل بلوچ کی زندگی کے نشیب و فراز پر لکھی گئی کتاب کو بھارت کے ادبی ایوارڈ کیلئے شارٹ لسٹ کر لیا گیا۔قندیل بلوچ پر کتاب’ ’دی سینسیشنل لائف اینڈ ڈیتھ آف قندیل بلوچ‘ ‘کی مصنفہ صنم مہر نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا ہے کہ زبردست خبر یہ ہے کہ میری قندیل بلوچ پرکتاب کو ’’شکتی بھٹ فرسٹ بک پرائز‘ ‘کیلئے شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے ۔ بک پرائز کے فاتح کو 2لاکھ بھارتی روپے اور ٹرافی انعام میں دی جائیگی۔شکتی بھٹ کے آفیشل فیس بک پیج پر بھی اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ لکھاری دنیا کو بدل تو نہیں سکتے لیکن بے قصور مارے جانیوالے لوگوں کا ماتم تو کر سکتے ہیں۔ صنم مہر کی کتاب پاکستان کے سوشل میڈیا پر مشہور شخصیت کی زندگی کے بارے میں ہے جس نے اپنی مختصر زندگی غیر معمولی انداز سے گزاری اور جسے غیرت کے نام پراسکے اپنے ہی بھائی نے قتل کر دیا۔مہر نے اپنی کتاب سے یہ بتایا ہے کہ کسی بھی معاشرے میں عورت ہو کر روایات سے بغاوت کا مطلب کیا ہوتا ہے ۔