لاہور( سپورٹس ڈیسک )رواں ماہ کے آخر میں کرکٹ کمیٹی کے اجلاس اور اس کے نتیجے میں سامنے آنے والی ممکنہ تبدیلیوں سے متعلق قیاس آرائیاں جاری ہیں اور ذرائع کا دعوی ہے کہ قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کیلئے تجربہ کار بیٹسمین اسد شفیق اور شان مسعود فیورٹ امیدوار بن کر سامنے آگئے ہیں جسکا مطلب ہے کہ سرفراز احمد کو مستقبل قریب میں صرف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں قیادت کا موقع مل سکے گا جن کے ساتھ نائب کپتانوں کا تقرر کر کے مستقبل کیلئے کپتانی کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ کمیٹی کے اراکین نے پاکستان کرکٹ کے مستقبل کا پلان تیار کرلیا ہے جسکے تحت تینوں فارمیٹس کے کپتانوں کے علاوہ ٹیم انتظامیہ میں موثر افراد کی تقرری پر غور کیا جا رہا ہے ۔پی سی بی کے قریبی ذرائع کے مطابق یہ بات خارج از امکان نہیں کہ موجودہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے معاہدے میں آئندہ برس ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ تک توسیع کردی جائے تاہم ایسا نہیں ہو سکا تو پھر سابق زمبابوین کپتان اینڈی فلاور کی خدمات حاصل کی جائیں گی جبکہ ویسٹ انڈیز کے سابق عظیم بیٹسمین سر ویوین رچرڈز کا نام بھی زیر غور ہے جو پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے خدمات کی انجام دہی کرتے رہے ہیں اور ان کی اکثر پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ بہترین ذہنی ہم آہنگی ہے۔