لاہور،کراچی(کلچرل رپورٹرز) معروف قوال حمزہ اکرم برادرز تیمور اکرم اور عبدالاکرم نے یوکے میں پرفارم کرنے کی تیاریاں مکمل کرلیں ،قوال برادرزانگلینڈ کے سب سے بڑے دی گرین بیلٹ فیسٹیول 2019میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔وہ 25اگست کو نارتھیمپٹن شائر میں پرفارم کریں گے جہاں 20ہزار سے زائد شائقین موجود ہونگے جبکہ 26اگست کو فیسٹیول میں منعقدہ ورکشاپ میں حمزہ اکرم اور برادرزپاکستانی ثقافت میں صوفی میوزک اور قوالی کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے ۔ ایک بیان میں حمزہ اکرم کا کہنا تھا کہ گرین بیلٹ فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی کسی اعزاز سے کم نہیں ہے ۔ پاکستان موسیقی کی مختلف صنفوں کی ترجمانی کرتا ہے ، اس میں کوئی شک نہیں کہ قوالی ہماری ملک کی ثقافت کا ایک بنیادی جز ہے ، اور ہم تصوف سے متعلق علم کو پوری دنیا میں پہچانا چاہتے ہیں، جو کہ محبت، امن اور ہم آہنگی کا پیغام ہے ۔