اسلام آباد،نیویارک(سپیشل رپورٹر، بیورورپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق حالیہ پریشان کن خبروں کو اجاگر کرنے کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط لکھا ہے ۔وزیر خارجہ کا خط اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے نیو یارک میں سلامتی کونسل کے صدر کے حوالے کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کو خط میں ان رپورٹس پر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا گیا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مزید غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کرنے پر غور کر رہا ہے ۔ خط میں مقبوضہ کشمیر کے مسلسل فوجی محاصرے کی طرف توجہ مبذول کروائی گئی جو بائیس ماہ سے جاری ہے ۔ وزیرخارجہ نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ جموں و کشمیر کے تنازع پر اپنی قراردادوں پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کرے ۔ وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھارت سے مطالبہ کرے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جبر کی اپنی مہم کو ختم کرے ۔دریں اثنا بیان میں وزیر خارجہ نے کہا افغانستان کی سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہ ہونے دی گئی تو امن قائم رہ سکتا ہے ۔ ہم امن واستحکام کیساتھ کھڑے ہیں، امن واستحکام سے پاکستان اور افغانستان سمیت سارے خطے کافائدہ ہے ۔ بعدازاں وزارتِ خارجہ میں "ایف ایم پورٹل" کی تعارفی تقریب سے خطاب میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم دہری شہریت رکھنے والوں کو الیکشن میں شمولیت کا حق دینا چاہتے ہیں، ڈیجیٹل روشن پاکستان سے بہت حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ۔ ’’اقتصادی سفارت کاری‘‘کے حوالے سے ورچوئل اجلاس سے خطاب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ اقتصادی ترجیحات کے پیش نظر ہمیں دنیا بھر میں تجارت، سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے نئے مواقع تلاش کرنا ہونگے ۔شاہ محمود قریشی آج4 روزہ دورے پر ترکی روانہ ہونگے ،وزیر خارجہ دورے میں "اناطالیہ سفارتی فورم" میں شرکت کرینگے ۔