ملتان (سپیشل رپورٹر) تحریک انصاف کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک بچانے کا وقت آن پہنچا ہے ،آج قوم نئی سیاسی تاریخ رقم کرنے جا رہی ہے ،اس دن کا انتظار ہم نے برسوں کیا ،خدا کا شکر ہے کہ پاکستانی قوم پوری طرح تبدیلی کے لئے تیار ہو چکی ہے ۔سجادہ نشین دربار حضرت سخی نوابؒ ملتان زوہیب گیلانی صبحانہ سے ملاقات کے موقع پر شاہ محمود نے کہا کہ عمران خان نے نواز شریف کو جیل پہنچا کر قوم سے ایک اور وعدہ پورا کر دکھایا، انہوں نے کہا کہ آج پولنگ میں ہر پاکستانی بڑھ چڑھ کر حصہ لے ، خاص طور پر نوجوان آگے بڑھیں ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ریاستی اداروں کی بیداری کے سبب امید ہے کہ اس بار ملک میں صاف اور شفاف الیکشن ہو ں گے ، 26 جولائی نئے پاکستان میں نئے اجالوں کی صبح کے ساتھ روشن ہوگا اور تحریک انصاف پورے ملک میں کلین سویپ کرے گی اور عمران خان وزیراعظم ہوں گے اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کیلئے ہم نے مسلسل جدوجہد کی ہے ، تحریک انصاف نے جو کرنا تھا وہ کردیا، عمران خان اور تحریک انصاف نے اپنی ذمہ داری پوری کردی ہے ، جس پر قوم آج 25 جولائی کو نئے پاکستان کو ووٹ دیں ،اور صرف بلے پر مہر لگائیں۔