لاہور،کراچی(سپورٹس رپورٹرز) پی ایف ایف قومی انڈر15فٹبال چیمپئن شپ سندھ نے جیت لی، فائنل میں پنجاب کو پینالٹی ککس پرچار ایک سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب سٹیڈیم میں ہونے والے فائنل کے افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عامر جان تھے ، فیصلہ کن میچ میں سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ پنجاب کی جانب سے باسط نے 5ویں منٹ میں گول کیا، ہاف ختم ہونے سے قبل حماد نے برتری دگنا کردی،سندھ کی جانب سے محب اﷲ نے 53ویں اور عامر نے 66ویں منٹ میں سکور کرتے ہوئے مقابلہ 2-2سے برابر کردیا۔ تاہم کھیل کے اختتام تک کوئی ٹیم بھی مزید گول سکور نہ کر سکی۔پنالٹی ککس پر سندھ کی ٹیم چار ایک سے کامیابی حاصل کر تے ہوئے ٹائٹل کی حقدار ٹھہری۔ قبل ازیں اسلام آباد نے بلوچستان کودو صفر سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی صدر پی ایف ایف مخدوم سید فیصل صالح حیات نے نائب صدر و پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر سردار نوید حیدر خان اور جنرل سیکریٹری کرنل(ر)احمد یارخان لودھی، قومی ہیڈ کوچ جوز نوگیرا، کپتان صدام حسین، فزیکل ٹرینر بیتو پورٹیلا اور سیکریٹری سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن رحیم بلوچ کے ہمراہ انعامات تقسیم کئے ۔ ایونٹ کی فاتح سندھ ٹیم کو 3لاکھ روپے ، رنرز اپ پنجاب کو 2لاکھ روپے جبکہ تیسری پوزیشن پر آنے والی اسلام آباد سائیڈ کو ایک لاکھ روپے انعام دیا گیا۔فیئر پلے ٹرافی فاٹا کے حصے میں آئی اورٹیم کو 40ہزار روپے ملے ۔بہترین کھلاڑی بسمہ اﷲ(بلوچستان) کو 40ہزار روپے دیئے گئے ،ٹاپ سکورر مدثر(سندھ) اور بہترین گول کیپرمحمد اویس (پنجاب)کو 30،30ہزار روپے مالی انعام دیا گیا۔ سیکریٹری سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن رحیم بلوچ کو خصوصی شیلڈ دی گئی، اس موقع پر بات کرتے ہوئے صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات نے کہا کہ انڈر15مقابلے فٹبال کیلئے نرسری کا درجہ رکھتے ہیں۔کھیل کو گراس روٹ سطح پر فروغ دیئے بغیر مستقبل کیلئے نیا ٹیلنٹ حاصل نہیں ہوسکتا۔پی ایف ایف جونیئر فٹبالرز کو صلاحیتیں نکھارنے کیلئے ہر ممکن مواقع فراہم کررہی ہے ۔ ،حالیہ ایونٹ میں بھی چند ابھرتے ستارے نظر آئے ہیں،نوعمر کھلاڑیوں کا ایک پول تیار کیا جارہا ہے ،ان کو ٹریننگ کی ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ،یہی پلیئرز پاکستان فٹبال کو عروج کی جانب گامزن کریں گے ، فیفا کے صدرجیانی انفینٹینو نے حالیہ ملاقات میں پاکستان کی ہر ممکن سپورٹ کی یقین دہانی کرائی تھی۔