مکرمی !آزادی عزت کی بنیاد ہے اور اس آزادی کی حفا ظت کرتے ہوئے مر جانا عزت کی معراج ہے۔دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک کی طرح پاک فوج کے افسر اور جوان ہماری آزادی کے لیے ہر دم تیار اور جذبہ شہادت سے سر شار ہیں۔اس وقت عالمی منظر نامے پر کوئی بھی ایسی فوج نہیں ،جو پاک فوج کی طرح بیک وقت کئی محاذوں پر نہ صرف لڑ رہی ہو بلکہ فتح بھی سمیٹ رہی ہو۔اندرونی اور بیرونی سازشوں اور خطرات میں گھرے ہوئے پاک وطن کی حفاظت جس طرح پاک فوج کر رہی ہے ،وتباہ حال اداروں پر مشتمل اس سر زمین پر واحد ادارہ جس پر قوم بھروسہ کرتی ہے ،ہر ضرورت کے وقت اس کی طرف دیکھتی ہے ،وہ پاک فوج ہے۔اور پاک فوج ہر صورت حال میں قوم کے اعتماد پر پورا اتری ہے ۔وہ سرحدوں کی حفاظت ہو ،دہشت گردی ہو ،سیلاب یا کوئی اور دوسری قدرتی آفت ،پاک فوج نے کبھی قوم کو مایوس نہیں کیا۔غرض جب ہم آزادی اور اس آزادی کے صدقے ملنے والی خوشیوں سے لطف اندوز ہوں تو ہمیں ان سب لوگوں کا اور ان کے خاندانوں کا سپاس گذار ہونا چاہیے جو ہماری خوشیوں کی تکمیل کے لیے اپنی خوشیاں ادھوری چھوڑ کر اس دیس پر قربان ہو گئے۔مگر آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ کچھ مفاد پرست اور ننگ وطن لوگ ،پاک فوج کو ہدف تنقید بنائے ہوئے ہیں۔وہ لوگ دشمن کے اس ہدف کو آسان بنانا چاہتے ہیں کہ پاک فوج اور پاکستانی عوام میں محبت کے رشتے کو کمزور کیا جائے۔ قوم ہمیشہ پاک فوج کے ساتھ ہے۔ (فیصل رشید لہڑی‘گجرات)