اسلام آباد،پشاور (92نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں ) وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے مریم نوازکے خطاب پرردعمل میں کہاہے مریم نوازکے خاندان نے جنوبی پنجاب کے فنڈز پر ڈاکہ ڈالا،جاتی عمرہ کے روڈکی کارپٹنگ ہوتی رہی،جنوبی پنجاب کی سڑکیں موہنجوداڑوکانقشہ پیش کرتی رہیں، جنوبی پنجاب کے عوام تعلیم،صحت کی سہولتوں کوترستے رہے ، ن لیگ نے جنوبی پنجاب کے فنڈزلاہورپر خرچ کیے ،ن لیگ نے اپنے دورمیں عوام کوبھوکامرنے پرمجبورکیا،آج مریم نوازکس منہ سے جنوبی پنجاب کاروناروتی ہیں، ن لیگ نے جنوبی پنجاب کے کاشتکاروں کی زندگیاں تباہ کیں، پہلی بارتخت لاہورکے بجائے جنوبی پنجاب سے وزیراعلیٰ منتخب کیاگیا،پی ٹی آئی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے اپناوعدہ نبھارہی ہے ۔وفاقی وزیر مرادسعید نے کہاجے یوآئی نے مولاناکواپنی جماعت سے ہی نکال دیا،رئوف ماما کانام سامنے آنے کے بعدمولاناگھبراہٹ کاشکارہیں،مولانایہودی لابی کی بات کرتاہے لیکن خودبے نقاب ہوگیا،مدرسے کے طالبعلموں کوریلی میں لانے پر مولانا کوشرم آنی چاہئے ،مدارس کے معصوم بچوں کومعلوم نہیں مولاناکن مقاصد کیلئے لیکرجارہے ہیں،مولاناجوکرناہے کرلیں آپ کواین آراونہیں ملے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا پی ڈی ایم میں موروثی سیاست پروان چڑھ رہی ہے ، قوم نے لٹیروں کو مسترد کردیا۔ جن لوگوں نے بھوک و افلاس نہیں دیکھی ہوگی ان کو کیسے عوام کا احساس ہوگا۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے مدرسہ کا سیاسی استعمال کبھی بھی قابل قبول نہیں ہونا چاہئے ۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا جب سیاسی جماعتوں کے پاس سیاسی قوت نہ ہو تو ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جاتے ہیں،اگر ایسے ہی جلسے کرنا ہیں تو بہتر ہے گھر بیٹھ جائیں۔وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمودنے کہا مولانا فضل الرحمان کی جانب سے مدارس کے طلبہ کو پی ڈی ایم کے ناکام جلسوں کو بھرنے کیلئے استعمال کرنا انتہائی قابل مذمت ہے ،اپنی ٹویٹ میں شفقت محمودنے کہا مجھے امید ہے اتحاد تنظیمات مدارس اور دیگر وفاق اس امر کا نوٹس لیں گے اور مدارس کے طلبہ کو سیاسی ایندھن کے طور پر استعمال ہونے سے بچائیں گے ۔وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا وزیر اعظم استعفی دیں گے نہ ہی حکومت جائے گی ، گھبرانے والے نہیں،لانگ مارچ ضرور کریں مولانا کو حلوہ کھلائیں گے ۔مولانا فضل الرحمن کیساتھ حکومت کا کوئی رابطہ ہوا اور نہ ہی حکومت رابطہ کرنا چاہتی ہے ۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا پی ڈی ایم ذاتی جبکہ وزیراعظم ملکی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کا مقصد ملکی بہتری نہیں ،اقتدار کی ہوس ہے ، وہ اسلام کا نام استعمال کر کے اسلام آباد کے خواب دیکھ رہے ہیں۔