لاہور، فیصل آباد (خصوصی نمائندہ ، نیوزرپورٹر ،92 نیوزرپور ٹ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے ، قوم ہمیں وقت دے ، انشاء اﷲ ملک کو تمام بحرانوں سے نجات دلائی جائے گی۔گورنر پنجاب چودھری سرور کے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان بڑی تیزی کے ساتھ دنیا میں اپنا امیج بہتر کر رہا ہے اور دنیا کو پتہ چل چکا ہے کہ پاکستان کی حکومت ماضی کی حکومتوں کی طر ح کر پٹ نہیں بلکہ ایماندار لیڈر شپ اقتدار میں آ چکی ہے جو ملک میں کرپشن کے خاتمے کیلئے شفاف احتساب کو بھی یقینی بنا رہی ہے ۔ پاکستان کا دفاع آج مضبوط ہاتھوں میں ہے جب بھی بھارت نے دراندازی کی کوشش کی تو ہم نے ا ن کو بھرپور جواب دیا اور پاکستان کو اﷲ تعالیٰ نے سر خرو کر دیا۔ انہوں نے کہا پنجاب میں گورنر چودھری سرور اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبے میں عوامی مسائل کے حل کیلئے بھر پور کام کیا جارہا ہے ۔ لاہور آمد پر گورنرہائوس میں اہم حکومتی رہنمائوں نے صدرمملکت سے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب چودھری سرور ،وزیراعلیٰ عثمان بزدار ،وزیراعظم کے مشیرنعیم الحق اور صوبائی وزیرمحمودالرشید بھی اس موقع پر موجودتھے ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومتی امور اورسیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔قبل ازیں فیصل آباد میں بزنس ایکسی لینس ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران صدر عارف علوی نے کہا کہ جنگی جنون میں مبتلا بھارت کے لیڈر ، سول سوسائٹی اورمیڈیا کے غبارے سے پاکستانی قوم نے ہوا نکال دی ہے ۔بھارتی جنگ کو ہوا دینے میں مصروف ہیں لیکن پاکستانی قوم نے اپنے رویے سے سیاسی طورپر بالغ ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ثابت کیا کہ پاکستان پرامن اور خطے میں امن کا خواہاں ہے ۔ پاکستانی قوم نے آزمائشوں کا کٹھن وقت گزار لیا ہے ، اب ترقی مہینوں کی بجائے ہفتوں میں ہوگی ۔ بطور قوم ہمیں ایک نیا اور خوبصورت پاکستان بنانے کیلئے ایمانداری اور اخلاص سے کام کرنا ہوگا۔ صدر مملکت نے تعلیم یافتہ نوجوانوں اور خواتین کو30 لاکھ روپے تک قرض دینے کی سکیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس سے یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات اور خواتین کو آسان شرائط پرقرضے دئے جائیں گے تاکہ وہ نوکریوں کی تلاش میں مار ے مارے پھرنے کی بجائے اپنی قابلیت کے مطابق کاروبار شروع کریں اور معیشت کی مضبوطی میں کردار اداکرنے کیلئے تیار ہوسکیں۔ ان کا کہناتھا اسد عمر کے دورمیں برآمدی سیکٹر کو رعایتی نرخوں پر گیس اور بجلی دینے کی سہولت واپس نہیں لی جائے گی کیونکہ اس سے برآمدات اور صنعتی ترقی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔ بعد ازاں صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے فیصل آباد میں قائم پنجاب کی سب سے بڑی انڈسٹریل اسٹیٹ کے بارے میں بھی بتایا ۔قبل ازیں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر کے صدر ضیاء علمدار حسین نے فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا مختصر تعارف کرایا اور ملکی معیشت اور سماجی و فلاحی کاموں میں فیصل آباد کے کردار پر روشنی ڈالی ۔تقریب میں صدر علوی نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں ایف سی سی آئی بزنس ایکسی لینس ایوارڈ تقسیم کئے جبکہ فیصل آباد چیمبر کے صدر ضیا علمدارحسین نے صدر مملکت کو غلاف کعبہ کے ٹکڑے اور فیصل آباد کے تاریخی گھنٹہ گھر کا ماڈل پیش کیا ۔