کراچی(سٹاف رپورٹر)فنکشنل لیگ ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر صرف پاکستان کا نہیں بلکہ بین الاقوامی ہے ،اقوام متحدہ کی قراردادیں کشمیر کو متنازع اور قابل حل مسئلہ سمجھتی ہیں ۔کنگری ہائوس میں فنکشنل لیگ سندھ کے جنرل سیکرٹری سردار عبدالرحیم اور رابطہ سیکرٹری عبدالکریم شیخ سے ملاقات اور یوم سیاہ کے موقع پر ان کے بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھتے ہوئے پیر پگارا نے کہا کہ بھارت من مانی کرتے ہوئے کشمیری عوام کو محکوم نہیں بنا سکتا،مسلمانوں سے دنیا بھر میں زیادتیاں ہورہی ہیں اور ان کے بنیادی حقوق پامال کیے جارہیں ہیں ۔بھارت کشمیر میں جو بربریت دکھا رہا ہے اس پرپوری انسانیتشرمندہ ہے ، پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل طور پر شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم وقت آنے پر کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گے ۔ پیر پگارا نے مسلم لیگ فنکشنل کے کارکن اور سندھ بھر کے عوام کو بھارت کے یوم آزادی پر یوم سیاہ منانے پر خراج تحسین پیش کیا۔