اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے لاہور میں مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر لیگی کارکنوں پر پولیس تشدد کیخلاف احتجاج کیا ہے ۔ مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ مریم نواز ہمیشہ عدالتوں میں پیش ہوتی رہیں، واقعہ پنجاب حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے ، لیگی کارکنوں کیخلاف کارروائیاں نہ رکیں تو ذمہ دار حکمران ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن اور مسلم لیگ (ن) مطالبہ کرتی ہے کہ گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے ۔ مریم نواز جب پیش ہوئیں تو ہزاروں کارکن جمع ہوئے جو فطری بات ہے ، تاہم اس بار پولیس نے ظالمانہ تشدد کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمور قریشی نے کہا کہ حقائق کو سامنے رکھ کر اقدامات اٹھائیں گے تاکہ آئندہ ایسا نہ ہو، پیشیاں ہوتی رہتی ہیں لیکن کبھی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا، اس کی تحقیقات کرینگے ۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز کو عدالت میں موقف پیش کرنا چاہیے ، ایسی احمقانہ حرکت کوئی بھی کر سکتا ہے ۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ایسا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے ۔ احسن اقبال نے بھاری بلز ایوان میں لہرا دیئے اورکہاایک بل 129 روپے ہے اس شخص پر 4 ہزار ایڈجسٹمنٹ چارجز لگا دیئے گئے ،یہ غریبوں کے ساتھ ظلم ہے ۔ جے یو آئی کے مولانا عبدالواسع نے کہامریم نواز کی پیشی پر جو کچھ ہوا یہ قابل مذمت ہے ،حکومت کا ایسا کرنا بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے ۔پیپلز پارٹی کے آغا رفیع اللہ نے آئین میں ترمیم کا بل پیش کردیاجس میں بیروزگار اور بیمار شخص کو اعزازیہ دینے کا مطالبہ کیا گیا جبکہ حکومت نے بل کی حمایت کردی اورمزید غور کیلئے قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا۔ حکومتی رکن کشور زہرا نے قرنطینہ کی سہولیات کیلئے ہنگامی اقدامات کا بل پیش کیا جو کمیٹی کو بھیج دیا گیا۔حکومتی رکن رائے مرتضیٰاقبال نے انتخابات ترمیمی بل پیش کر دیا جس میں کہا گیا کہ کاغذات نامزدگی سکروٹنی کیلئے وقت کم دیا جاتا ہے ،یہ بل بھی متعلقہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا۔ اسمبلی کی الیکشن فیس ایک لاکھ جبکہ صوبائی اسمبلی کی50 ہزار کرنے کے بل کی تحریک پیش کی گئی جو کثرت رائے سے مستر د ہوگئی۔