پشاور (92نیوز)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بہترین کارکردگی کے بدولت آئندہ حکومت بھی پی ٹی آئی کی ہو گی، پی ٹی آئی پانچ سال پورے کرے گی، ان خیالات کااظہار انہوں نے موضع کلابٹ میں سوئی گیس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ آج پاکستان پر مسلسل حکمرانی کرنے والے سارے سیاستدان اس لئے اکٹھے ہوئے ہیں کہ یہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار عوام پر حکمرانی کرنے سے نکل چکے ہیں، سابقہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک معاشی لحاظ سے بحران سے گزر رہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی کی حیثیت سے میں نے جو بھی کچھ کیا ہے وہ قانون کے عین مطابق اور ملک کے وسیع تر مفاد میں کیا اور مستقبل میں بھی کرونگا۔تقریب سے وفاقی وزیر پانی و بجلی عمر ایوب خان نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں صحیح معنوں میں سپیکر اسد قیصر ہی اپنے ضلع اور عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں اور اس کا سارا کریڈٹ صوابی کے عوام کو جارہا ہے ۔ انہوں نے سپیکر اسد قیصر کے حلقے میں تین ارب روپے کی لاگت سے گیس کے منصوبے پر کام جاری ہیں۔ اتنی کثیر رقم اس سے قبل کسی رکن اسمبلی نے حکومت سے منظور نہیں کرائی ہیں۔