اسلام آباد (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں غباروں سے بنا پاکستانی پرچم گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہوگیا جس کا اعلان پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست ڈاکٹر رمیش کمار نے کیا اور بتایا کہ پاکستان ہندو کونسل کی جانب سے قومی اسمبلی کو جشن آزادی کا منفرد تحفہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس کے آخری روز اپنی تقریر کا آغاز پاکستان زندہ باد سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان کے ایوان پر دنیا کا سب سے بڑا قومی پرچم آویزاں کرنے کا مقصد قومی یکجہتی کی اہمیت اجاگر کرنا ہے ۔ مقامی اخبار کے مطابق ڈاکٹر رمیش کمار کی تقریر کے دوران جمعہ کی اذان شروع ہوگئی تو وہ احتراماً خاموش ہوگئے ۔ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے اپنی تقریر میں نسٹ، ایئر یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ادھرسوشل میڈیا صارف عبدالقدوس خان نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر ایوان میں آویزاں کرنے کے لیے پاکستان کی ہندو کمیونٹی نے 60ہزار سے زائد غبارے استعمال کرکے یہ پرچم بنایا تھا۔