اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) وزیراعظم عمران خان سے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ملاقات کی اورقومی سلامتی کے ا ہم امورپرتبادلہ خیال کیاگیا۔ڈی جی آئی ایس آئی نے وزیراعظم کو نیشنل سکیورٹی امورپربریفنگ دی جبکہ مقبوضہ کشمیر،ایل اوسی کی صورتحال سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے آئی ایس آئی کی کارکردگی پراطمینان کااظہارکیااورایل اوسی پربھارتی فورسزکی طرف سے مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان سے سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے ملاقات کی اور کورونا کے تناظرمیں صوبہ سندھ کی مجموعی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران غریبوں کی مدد کرنے کیلئے سیاسی قیادت مخیر حضرات کو متحرک کرنے میں اپنا کردار ادا کرے ۔ ملاقات کے دوران حلیم عادل شیخ نے کہا کہ صوبے بھرکے نوجوانوں میں کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کا حصہ بننے میں انتہائی جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عوام کی معاشی مشکلات کو مد نظر رکھ کر لائحہ عمل تشکیل دیا جا رہا ہے مگر غریب طبقے کوریلیف کی فراہمی میں حکومت کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات کا بھی تعاون درکار ہے ۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نے احساس پروگرام تمام سیاسی وابستگیوں سے بالا ترہوکر شفاف اورمیرٹ کی بنیاد پر چلایا جا رہا ہے ۔ مشکل کی اس گھڑی میں وفاقی حکومت ملک بھر کی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کر رہی ہے ۔ دریں اثناء پی ایم انسپکشن کمیشن کے چیئرمین احمد یار ہراج نے ملاقات کی اور توانائی، پبلک سیکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے اصلاحات پر بریفنگ دی۔ بعدازاں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور فوکل پرسن برائے پناہ گاہ نسیم الرحمن بھی موجود تھے ۔ وفد نے وزیرِ اعظم کو سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے مستحق افراد کو کھانا فراہم کرنے ، تعلیم اور دیگر فلاحی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ کہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ ملک بھر میں 112 لنگر خانے قائم کریگا۔ وزیرِ اعظم نے ٹرسٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار افراد اور فلاحی تنظیمیں ہمارے معاشرے کی اصل طاقت اور اسکا روشن چہرہ ہیں۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عامر محمود کیانی نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال ، جماعتی معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی مفصل بات چیت کی گئی۔ دریں اثناء وزیر اعظم سے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن اپٹما کے نمائندگان گوہر اعجاز اور عادل بشیر نے ملاقات کی اوراپٹما کی طرف سے 5 کروڑ روپے کا چیک کورونا ریلیف فنڈ کیلئے وزیر اعظم کو پیش کیا۔وزیر اعظم نے عطیہ کو سراہا۔ بعد ازاں عمران خان سے فیصل ایدھی نے بھی ملاقات کی اور ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔ادھروزیراعظم نے سوشل میڈیا پر اعلیٰ عدلیہ کیخلاف مہم کا نوٹس لے لیا۔وزیراعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو ایک خط کے ذریعے فوری طور پر اس معاملے تحقیقات کی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے ڈی جی ایف آئی اے کو دی گئی ہدایات میں کہا کہ سوشل میڈیا پر اعلیٰ عدلیہ اور چیف جسٹس کیخلاف مہم میں استعمال کردہ زبان کو برداشت نہیں کیا جا سکتا ۔ ڈی جی ایف آئی فوری طور پر اس غیر مہذب مہم کا نوٹس لیں اور ایسے اہل افراد پر مشتمل ٹیم تشکیل دیں جو ذمہ داران تلاش کرے تا کہ مناسب قانونی کارروائی کی جا سکے ۔