اسلام آباد، پشاور، کراچی ، کوئٹہ ( وقائع نگار خصوصی، سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں ) ملک کی 15 ویں قومی اسمبلی کاپہلااجلاس آج صبح دس بجے پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا ۔ پہلے اجلاس کی صدارت سپیکر سردارایازصادق کریں گے جو نومنتخب ارکان اسمبلی سے حلف لیں گے اور کارروائی ختم ہوجائے گی۔ سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی 14اگست بروز منگل 12بجے تک سیکرٹری قومی اسمبلی کے دفتر میں جمع کرائے جا سکیں گے ۔ 15 اگست کو سپیکر اورڈپٹی سپیکر، 17 اگست کو وزیراعظم کاانتخاب ہو گا جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کردیاجائے گا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق نومنتخب ارکان کی اجلاس میں شر کت اور حلف برداری کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طر ف سے جاری کیا جانے والا کارڈ لازمی ہو گا ۔ قومی اسمبلی کے کارڈز کے اجرا کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 2 میں خصوصی سہولت مرکز قائم کیا گیا ہے ۔ سابق صدر آصف زرداری سابق، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ،سپیکر سردار ایازصادق ،سپیکر اسدقیصر، سابق وزیراعلی شہبازشریف،سابق وزیراعلی پرویزخٹک اورسابق سپیکرزڈاکٹرفہمیدہ مرزا، فخر امام بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں،اس طرح متعدد سابق وزرا بھی حلف اٹھائیں گے ۔ طویل عرصے کے بعد قوم پرست رہنما سردار اختر مینگل ،شاہ زین بگٹی بھی قومی اسمبلی کے اراکین منتخب ہوئے ہیں ۔ علاوہ ازیں سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلیوں کے اجلاس بھی آجوطلب کر لئے گئے ہیں ،اجلاس میں نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی حلف اٹھائیں گے ۔ سندھ اسمبلی کے پہلے اجلاس میں 164 ارکان حلف اٹھائیں گے ۔قومی اسمبلی کے اہم اجلاس کے حوالے سے وفاقی پولیس نے سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے ، ایک ہزار پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ رینجرز اہلکار بھی سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے ۔ ریڈ زون سیکورٹی کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے گا۔ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خصوصی پاسز والے افراد ہی پارلیمنٹ میں داخل ہوسکیں گے ۔