لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت 3گھنٹے طویل اجلاس میں صوبے کے مالیاتی امور اور سالانہ ترقیاتی پروگرام پر اجلاس ہوا جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام پرپیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرکاری محکموں کو بچت پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی اور کہا کہ مالیاتی امور میں شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور سرکاری محکموں میں مالیاتی ڈسپلن ہر صورت برقرار رکھا جائے ، انہوں نے کہا کہ ہم قوم کے وسائل کے امین ہیں اور عوام کے خون پسینے کی کمائی پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے ، اجلاس میں وزیراعلیٰ کو صوبے کے مالیاتی امور اور سالانہ ترقیاتی پروگرام پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی کارکردگی اوردیگر امور کا جائزہ لیاگیا،اجلاس میں زکوٰۃ گزارہ الاؤنس کی فوری تقسیم یقینی بنانے کے لئے ڈی سی کو ایڈمنسٹریٹرکے اختیارات دینے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اپنے متعلقہ اضلاع میں ڈسٹرکٹ زکوٰۃ کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹر کی اضافی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے ۔ داتا دربار میں وضو کے پانی کو دوبارہ استعمال میں لانے اور عطیات کی وصولی کیلئے کیش مشینوں کی تنصیب ،محکمہ اوقاف کی ویب سائٹ سے بیرون ملک مقیم افراد کیلئے آن لائن لنگر کی تقسیم اور مزاروں کی آن لائن ویڈیو شیئرنگ کا منصوبہ لاہور میں خواجہ سراؤں کی فلاح و بہبود کیلئے کمیونٹی ویلفیئر سنٹر بنے گا، فنی تعلیم ، میڈیکل ، قانونی مشاورت ، لائبریری او ردیگر سہولتیں دی جائیں گی ۔دانش سکول اتھارٹی اجلاس میں انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن کے ہونہار طلبا کو دانش سکول میں داخل کروانے او ر18سال کے بچوں کیلئے فیوچر پلاننگ کی جائے ۔دانش سکولوں کی تعمیر میں گھپلے کرنے والوں سے قومی خزانے کی پائی پائی وصول کریں گے ۔دانش سکول اورسنٹرآف ایکسیلینس کے پراجیکٹ میں بہتری لائینگے ، اخراجات میں کمی کیلئے ضروری انتظامی تبدیلیاں کی جائینگی۔علاوہ ازیں سماجی انصاف کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سماجی انصاف کی علمبردار ہے ،سماجی انصاف کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں ترکی کے سفیر اصحان مصطفیٰ یرداکول نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک ترک تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا،ترک سفیر نے مختلف شعبوں میں پنجاب حکومت کیساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اورملاقات میں ہاؤسنگ،سیاحت،تعلیم،صحت اورووکیشنل تربیت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب آج پنجاب زرعی پالیسی دستاویز کی رونمائی کریں گے ۔