لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ انگلینڈ پر گئی پاکستان کرکٹ ٹیم آ ج سے ڈربی میں ٹریننگ سیشنز کا آغاز کرے گی ۔پاکستان کرکٹ سکواڈ جمعہ کی شب ڈربی پہنچا تھا جہاں تین روز کی روم آئسولیشن سے قبل تمام ارکان کی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی گئی تھی جو منفی آئی ہے ۔دوسری کورونا ٹیسٹنگ گزشتہ روز کی گئی جس کے نتائج آج ملیں گے جس کے بعد دو منفی نتائج والے کھلاڑی ٹریننگ سیشنز کا آغاز کریں گے ۔پاکستان کرکٹ سکواڈ کے ارکان دو انٹرا سکواڈ ون ڈے پریکٹس میچ کھیلیں گے ۔پاکستان کرکٹ سکواڈ 6 جولائی کو کارڈف جائے گا جہاں پہلا ون ڈے 8 جولائی کو کھیلا جائے گا۔یاد رہے کہ حالیہ دورہ انگلینڈ میں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی ۔