اسلام آباد،لاہور(قاسم عباسی،سپورٹس رپورٹر) ورلڈ کپ میں شکست کھانے والی پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ توقیر ڈار نے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر استعفیٰ دے دیا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم اس وقت دنیا میں تیسرے درجے کی ہاکی کھیل رہی ہے ، اس میں بہتری کے لیے ہمیں ٹیم میں تبدیلیاں کرنا ہوں گی۔تفصیلات کے مطابق ٹیم کے ہیڈ کوچ توقیر دار نے گزشتہ روز بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میگا ایونٹ پر جانے سے قبل ہی فیڈریشن کا بتا دیا تھا کہ وہ ورلڈ کپ تک ہی ٹیم کے ساتھ رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ ذمہ داری فیڈریشن کے کہنے پر نہیں بلکہ مینجر حسن سردار کے کہنے پر قبول کی تھی۔ مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے توقیر ڈار نے کہا کہ اگر ہم نے ہاکی کے کھیل پر توجہ نہیں دینی تو اسے بند کردیا جائے کیونکہ اسے بند کرنے سے کم از کم ہاکی کا یادگار ماضی لوگوں کی نظر میں ہوگا۔توقیر ڈار کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ پر جانے سے پہلے جب ہم بھیک مانگ رہے تھے اس وقت حکومت کی جانب سے پوچھا نہیں گیا، ہم ہاکی سے متعلق حکومتی رویے سے ناخوش ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سابق اولمپئنز نے ہاکی فیڈریشن کو ملازمت کا سینٹر بنا رکھا ہے ، ہاکی کی موجودہ صورتحال کے ہم سب ذمہ دار ہیں۔