بیجنگ( ویب ڈیسک) ایک چینی خاتون اتنی زور سے منہ کھول کر ہنسیں کہ اُن کے جبڑے اپنی جگہ سے ہٹ گئے اور اُن کا منہ کھلے کا کھلا رہ گیا۔ یہ انوکھا واقعہ گزشتہ دنوں پیش آیا۔رپورٹ کے مطابق خاتون تیز رفتار ریل میں گوانگژو ساؤتھ ریلوے سٹیشن کی طرف آ رہی تھیں کہ ہنسنے کی وجہ سے ان کے جبڑے ہل گئے ۔ اسی ریل میں ڈاکٹر لیو وینشینگ بھی سفر کر رہے تھے ۔ لیوان ہاسپیٹل، گوانگژو میڈیکل یونیورسٹی کے ڈاکٹر لیو نے ریل کے براڈ کاسٹ سپیکروں پر ہنگامی مدد کی اپیل سنی تو وہ مدد کیلئے بھاگے جب وہ موقع پر پہنچے تو انہوں نے ایک خاتون مسافر کو دیکھا، جن کا منہ کھلا ہوا تھا اور منہ سے بہت زیادہ رال بہہ رہی تھی۔ لگتا تھا کہ انہیں دل کا دورہ پڑا ہے لیکن ان کا بلڈ پریشر نارمل تھا۔موقع پر موجود مسافروں سے پتہ چلا کہ خاتون بہت زور سے ہنسی تھیں، جس کے بعد اُن کا منہ بند نہ ہوسکا۔ بدقسمتی سے لیو طب کے اس شعبے میں ماہر نہیں تھے ۔ انہوں نے خاتون کو بتایا کہ وہ اُن کا جبڑا درست کرنے کی کوشش کریں گے لیکن اس میں کافی خطرہ ہوسکتا ہے ۔ خاتون نے خواہش ظاہر کی کہ لیو اُن کا جبڑا ٹھیک کریں۔لیو نے بتایا کہ خاتون کے عضلات اور چہرہ پریشان کن حالت میں تھے ، اس لیے پہلی کوشش میں وہ جبڑا درست نہ کر سکے ۔ لیو نے خاتون کو مشورہ دیا کہ وہ ہسپتال چلی جائے لیکن ریل کے عملے نے بتایا کہ ہسپتال تک پہنچنے میں انہیں مزید ایک گھنٹہ لگے گا۔اس پر خاتون نے ڈاکٹر لیو سے مزید کوشش کرنے کا کہا، اس کوشش میں ڈاکٹر لیو کامیاب ہوگئے ، جس کے بعد خاتون اپنا منہ بند کرنے کے قابل ہو گئیں۔