پشاور(نمائندہ92نیوز)امیرجماعت سراج الحق نے کہاہے کہ تبدیلی تبدیلی کا راگ الاپنے والوں کے دور حکومت میں ملک معاشی لحاظ سے سونامی کی رفتار سے نیچے گیا ، نااہل حکمرانوں کی وجہ سے مسائل میں اور بیرونی قرضوں ، افراط زر ، تجارتی خسارہ، مہنگائی اور بے روزگاری سونامی کی رفتار سے اضافہ ہوا ، ظلم و استحصال کا نظام مزید برادشت نہیں کرینگے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور میں تجارتی مرکز کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔ سراج الحق نے کہا کرپشن ، بد انتظامی اور قیادت کی غیر سنجیدگی نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا، وزیراعظم نے معیشت کوبہتر بنانے اور عوام کو روزگار دینے کیلئے جن چیزوں کا اعلان کیا تھا ، ان کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوچکا، ٹیکسوں کا بوجھ غریب پر ہے ۔ انہوں نے کہا کشمیر پر حکومت کی اچھل کود اور تقریروں کا کشمیریوں کو کچھ فائدہ نہیں ہوا ، ایک ماہ کے کرفیو نے کشمیریوں کا زندہ رہنامشکل بنادیا ہے لیکن حکمران بیانات سے آگے نہیں بڑھ رہے ۔