لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی کی جانب سے سری لنکا کرکٹ بورڈ کو لکھے گئے خط میں حکومت پاکستان کی جانب سے صدارتی لیول کی سکیورٹی مہیا کرنے کی گارنٹی کے بعد سری لنکا کے دورہ پاکستان پر چھائے بادل چھٹ گئے ہیں اور سری لنکا کے وزیر کھیل نے اعلان کر دیا ہے کہ وہ شیدول کے مطابق پاکستان کا دورہ کریں گے ۔ دوسری جانب پی سی بی نے اپنی تیاریاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور پاکستان ٹیم کے متوقع کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ قذافی سٹیڈیم میں جاری ہے ۔ سری لنکا بھی اپنی ٹیم کا اعلان کرچکا ہے مگر چند روز قبل اچانک خبر آئی کہ سری لنکا حکومت کو دورہ پاکستان کے دوران دہشت گردی کے خطرہ کی اطلاعات ملی ہیں جس پر دورہ پر تحفظات کا اظہار کیا گیاتھا۔ مگر اب سری لنکا انٹیلی جنس کے سربراہ اور پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر کو بھی سری لنکا میں کسی ممکنہ حملے کی کوئی اطلاع نہیں۔سری لنکا کرکٹ کو کراچی اور لاہور میں پاکستان آرمی کے براہ راست سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کی یقین دہانی کے بعد سری لنکا کرکٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمیں یقین دلایا گیا ہے کہ پاکستان آرمی تمام انتظامات کرے گی۔ وزارت دفاع نے ٹیم کو پاکستان بھیجنے کی اجازت دے دی ہے جس سے سری لنکا کے دورہ پاکستان پر چھائے خدشات کے بادل چھٹ گئے ہیں۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے اور ٹی20 سیریز 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک شیڈول ہے جبکہ سری لنکن ٹیم 25ستمبر کو پاکستان پہنچے گی۔ سری لنکا کرکٹ کے سیکرٹری موہن ڈی سلوا کا بیان سامنے آیا ہے کہ حکومت کی جانب سے گرین سگنل مل گیا ہے ،وہ خود اور دیگر بورڈ عہدیدار بھی ٹیم کے ساتھ پاکستان جائیں گے ۔موہن ڈی سلوا نے کہا کہ کولمبو میں پاکستانی ہائی کمیشن نے حکومت پاکستان کی جانب سے ہمیں یقین دلایا ہے کہ ٹیم کو غیر ملکی سربراہ مملکت کے مساوی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔سری لنکا کے دس کھلاڑیوں نے سکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے ۔