اسلام آباد،قندوز (92 نیوز رپورٹ،آن لائن)امن کیلئے پاکستان کی سنجیدہ کاوشیں رنگ لانے لگیں،امریکہ اور طالبان میں معاملات طے پاگئے ۔ طالبان کے سیاسی آفس کے نائب عبدالسلام حنفی نے افغان امن مذاکرات کے معاہدے پر جلد دستخط ہونے کی نوید سنا دی،ایک ویڈیو پیغام میں ممکنہ معاہدے کے نکات بتا تے ہوئے انہوں نے کہا امریکہ بگرام جیل سے 5ہزارجنگجو،طالبان ایک ہزار قیدی رہا کرینگے جن میں امریکی اور اتحادی فوجی بھی شامل ہونگے ،29 فروری کو معاہدہ متوقع ہے دوسری جانب قندوز میں فوجی چیک پوسٹ پر طالبان جنگجوؤں نے دھاوا بول دیا کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 14اہلکار ہلاک اور 2زخمی ہوگئے ،افغان وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ جوائی کارروائی میں کئی جنگجو مارے گئے ۔92نیوز رپورٹ کے مطابق افغان امن عمل میں بڑے بریک تھرو کا امکان پیدا ہو گیا ۔پرتشدد کارروائیوں میں کمی لانے کے معاہدے کے بعدامریکا اور طالبان حتمی امن معاہدے کے قریب پہنچ گئے ،طالبان کے سیاسی آفس کے نائب عبدالسلام حنفی کی جانب سے امریکہ سے جنگ بندی سمیت دیگر معاملات طے پانے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔