اسلام آباد ( لیڈی رپورٹر ،92 نیوزرپورٹ) اسلام آبادہائیکورٹ نے جیل میں قیدیوں کی حالت زارسے متعلق بڑاقدم اٹھالیا، وفاقی وزیربرائے انسانی حقوق شیریں مزاری کی سربراہی میں کمیشن قائم کردیا،کمیشن کے دیگرارکان میں سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری ہیلتھ شامل ہونگے ،سابق ڈی جی ایف آئی اے طارق کھوسہ کو بھی کمیشن کا حصہ بنادیاگیا،کمیشن کو 7روزکے اندرپہلی میٹنگ کرنے کی ہدایت کردی گئی،وزارت صحت کو چاروں صوبوں میں قیدیوں کیلئے خصوصی میڈیکل بورڈزبھی قائم کرنے کی ہدایت کردی گئی۔چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے تحریری حکمنامہ جاری کردیا،تحریری حکمنامہ اڈیالہ جیل کے قیدی خادم حسین کی درخواست پرجاری کیاگیا۔عدالت نے کمیشن کے ٹی اوآرزبھی طے کردیئے ،کمیشن جیلوں میں انسانی حقوق کی خلا ف ورزیوں کی تحقیقات کریگا،کمیشن وسائل کی کمی کی وجہ سے انصاف تک رسائی سے محروم قیدیوں کا پتہ بھی لگائے گا،کمیشن حکومت اورانتظامی اداروں کی ناکامی کی بھی تحقیقات کریگا، کمیشن بیمارقیدیوں سے متعلق جیل قوانین پرعملدآمد سے متعلق بھی تحقیقات کریگا،کمیشن سے بہتری کیلئے تجاویزبھی طلب کرلی گئی ہیں۔عدالت نے خط لکھ کر طبی سہولیات مانگنے والے قیدی خادم حسین سے متعلق سیکرٹری ہیلتھ سے کہاگیاکہ وہ فوری چیف سیکرٹری پنجاب سے رابطہ کریں اورسزائے موت کے قیدی خادم حسین کا فوری طبی معائنہ بھی کرایاجائے ،اسلام آبادہائیکورٹ نے میڈیکل رپورٹ بھی طلب کرلی۔