کراچی(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے سینئررہنمائ،قائد حزب اختلاف سندھ فردوس شمیم نقوی نے اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بارپھرایوان کی تذلیل کی گئی، وزیراعلیٰ سندھ نے آؤٹ آف ٹرن تقریرکی اور ہم نے وزیراعلیٰ کی تقریرکے بعد قراردا دپر بات کرنے کے لیے 11نام پیش کیے مگرحسنین مرزا کی تقریر کے دوران ہی قرارداد کو پاس کرلیا گیا۔پیپلزپارٹی کی چور حکومت ہمارے کرارے جواب سے ڈررہی تھی اس لیے جلد بازی میں قراردادکو اکثریتی بل بوتے پر پاس کرلیا گیا۔آرٹیکل 149کے تحت وفاق صوبے کوحکم دے سکتا ہے وفاق صرف حکم دے سکتاہے جبکہ اس پر عمل اورکام صوبائی حکومت کوہی کرنا ہوگا،اس میں کہیں ایسا نہیں لکھا کہ وفاق کنٹرول سنبھالے گا،یہ سندھ کانام لیکراپنی ناکامیوں اورنا اہلیوں سے سندھ کی عوام کا دھیان ہٹانا چاہ رہے ہیں آج کراچی کچراکنڈی بن چکا ہے ،صوبے بھرمیں پانی کی کوئی سہولت موجود نہیں۔جی ڈی اے کے رکن حسنین مرزا کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کی اس فلور پررہنمائی کرنے پر جابروں نے آج ایک بار پھر سندھ کے عوام کی آواز کو دبوچنے کی کوشش کی ہے ۔