کراچی (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیرقانون و انصاف بیرسٹرفروغ نسیم نے کہا ہے کہ لندن میں نوازشریف سے کوئی رابطہ ہورہا ہے یا کیا گیا ہے مجھے اسکا علم نہیں،کسی بھی ٹرائل کو 9 ماہ میں مکمل کرنیکا قانون بن رہا ہے ،مقررہ مدت میں ٹرائل مکمل نہ ہونے پرڈسپلنری ایکشن لیا جائیگا،پیکا قانون میں کچھ تبدیلی کی گئی ہے جس میں میری وزارت کا عمل دخل نہیں،تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا حق ہے اگرانکے نمبرزہیں تو وہ اپنا شوق پورا کرلیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے سابق وزیرتعلیم اورچیئرمین فیڈرل سروس ٹریبونل جسٹس ریٹائرڈ قاضی خالد کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب اورصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔فروغ نسیم نے کہا کہ باراوروکلاء چاہتے ہیں کہ سٹیٹس کو ایسے ہی رہے تاکہ جو مقدمہ ہے اگر20 سال چلتا ہے تو 40 سال چلے اگر وکیلوں نے لا ریفارمز پر مزاحمت کرنی ہے تو کریں، انہوں نے کہا کہ عوام اگر اپنا کردارادا نہیں کریں گے تو کچھ نہیں ہوگا۔سابق چیف جسٹس انورظہیرجمالی نے کہا کہ چند لوگوں کی بداعمالیوں نے عدلیہ کو ایک دہانے پرکھڑا کردیا،2008ء میں عدلیہ بحالی کا جو کاررواں چلا وہ کامیاب تو ہوا لیکن اسکے اصل ثمرات حاصل نہ ہوسکے ،ایک مخصوص دورمیں ایسے فیصلے صادر کئے گئے جسکو میں ماورائے عدالت سمجھتا ہوں،عدالت عظمی کے متعدد فیصلوں سے معلوم ہوتا ہے کہ مڈل کلاس اوراشرافیہ کیلئے الگ الگ قانون ہے ۔