لاہور (خبرنگارخصوصی) لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پیپر اینڈ پیکجنگ انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے ۔عدنان خالد بٹ کی سربراہی میں پیپر اینڈ پیکیجنگ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ شہزاد ناصر نے کہا کہ پیکجنگ سیکٹر ملکی برآمدات میں اضافے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے مگر زائد لاگت کی وجہ سے بین الاقوامی مارکیٹ میں خاطر خواہ مقام حاصل نہیں کرسکا۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ اس شعبے کے بنیادی خام مال پر سے درآمدی ڈیوٹی کم کی جائے تاکہ غیر ملکی مارکیٹوں میں مسابقتی معیار پر پورا اُتر سکے اور ملکی برآمدات میں اضافہ ہو۔ وفد کے اراکین عدنان خالد بٹ اور ارشد بیگ نے لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل کو آگاہ کیا کہ کہ پاکستان میں کرافٹ پیپر کی مینوفیکچرنگ نہیں کی جاتی مگر یہ پیکجنگ کیلئے خام مال کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرافٹ پیپر دیگر ممالک سے درآمد کیا جاتا ہے جس پر 20فیصد درآمدی ڈیوٹی جبکہ 3فیصد ایڈیشنل ڈیوٹی لگائی جاتی ہے جو کہ بہت زیادہ ہے ۔