لاہور،کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،سٹاف رپورٹر ) خسارے کے باعث ریلوے انتظامیہ نے 15 جولائی سے لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی شالیمار ایکسپریس بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس کی جگہ کراچی سیہون شریف سیکشن ایم ایل ٹو پر موہنجو دڑو ٹرین کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔شالیمار ایکسپریس کی بندش پر تاجر برادری اور مسافروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔تاجر برادری اور مسافروں نے وزیر ریلوے شیخ رشید سے درخواست کی ہے کہ شالیمار ایکسپریس ٹرین کو بند نہ کیا جائے کیونکہ شالیمار ایکسپریس ٹرین سے صبح کے اوقات میں اس سیکشن لاہور، فیصل آباد، ملتان، لودھراں، رحیم یارخان، بہاولپور، سمہ سٹہ اور نواب شاہ، حیدرآباد اور کراچی کے درمیان کوئی اہم ٹرین نہیں ۔شالیمار ایکسپریس ٹرین لاہور اور کراچی دونوں شہروں سے صبح 6 بجے اپنی منزل کی جانب روانہ ہوتی ہے اور دن کے اوقات میں تمام چھوٹے بڑے شہروں سے کاروباری افراد اور عام مسافر اس ٹرین سے سفر کرتا ہے جس سے محکمہ اور لوگوں دونوں کو فائدہ ہوتا ہے کیونکہ یہ ٹرین ایک دن میں صبح کے اوقات میں چل کر ساڑھے بارہ بجے رات اپنی منزل پر پہنچ جاتی ہے ۔ ریلوے انتظامیہ نے شالیمار ایکسپریس ٹرین کو بند کرنے کے لئے رپورٹ تیار کرلی ۔