سرینگر(این این آئی)بھارت نے غیر قانونی طورپر اپنے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے لداخ خطے میں چین کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران پینگ گانگ جھیل پرمیرین کمانڈوز تعینات کئے ہیں اور اْنہیں جدید سازو سامان سے لیس کیا جارہا ہے ۔ شدیدسردی سے بچنے کی خاطر اہلکاروں کو وردی فراہم کردی گئی ،خصوصی کشتیاں بھی لائی جارہی ہیں،کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کے خصوصی کمانڈوز کو بھی چین کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر تعینات کیا گیا ہے ۔ لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پربھارتی اور چینی افواج کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران بھارتی حکومت نے غیر معمولی فیصلے کے تحت جھیل پر میرین کمانڈوز تعینات کئے ہیں۔ ان کمانڈوز کو خصوصی ہتھیاروں سے لیس کیا گیا ہے جبکہ سردی سے بچنے کی خاطر مذکورہ اہلکاروں کو خصوصی وردی بھی فراہم کی گئی ہے ۔ جھیل پر سپیشل کمانڈوز کی تعیناتی کے بعد لداخ میں ایک بار پھر چین اور بھارت کی افواج کے درمیان کشیدگی کا ماحول دیکھا جارہا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میرین کمانڈوز کیلئے خصوصی کشتیاں بھی لائی جارہی ہیں تاکہ سردی کے ایام میں وہ بہتر طریقے سے اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت چین کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر زمینی افواج کے خصوصی دستے بھی تعینات کرنے جارہی ہیں ۔