اسلام آباد،لاہور ،کراچی( نامہ نگار،اپنے نیوز رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر) احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو جیل میں سابق صدر آصف زرداری کے برابر سہولیات دینے کا حکم دے دیا۔ سابق وزیر اعظم کی ہمشیرہ بیرسٹر سعدیہ عباسی نے درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی تھی کہ سہولیات فراہمی کا حکم دیا جائے ۔ احتساب عدالت نے جعلی بنک اکاؤنٹس کیس کے سندھ روشن پروگرام میں مبینہ کرپشن کے الزام میں گرفتار 2 ملزمان اومنی گروپ کے عبد الغنی مجید کے قریبی ساتھی ڈی جی رورل ڈویلپمنٹ سندھ عبدالشکورمہر اور ایکسیئن عبدالستار قریشی کے جسمانی ریمانڈ میں 14روز توسیع کر دی ۔عدالت نے جعلی بنک اکاؤنٹس کیس میں گرفتارپیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر محمد یوسف بلوچ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن نے بطور ڈیوٹی جج آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی احد خان چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 10 روز توسیع کر دی ۔ احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن نے صاف پانی کرپشن سکینڈل کیس کی سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کرکے آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد نہ کیے جانے پر دلائل طلب کر لیے ،کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما انجینئر قمرالسلام سمیت 20 افراد نامزد ہیں۔احتساب عدالت کراچی نے محکمہ تعلیم میں کروڑوں کی کرپشن اورغبن کے ریفرنس میں سابق سیکرٹری عبدالوہاب عباسی کو7سال قید اورایک کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنادی، عدالت نے عبدالوہاب عباسی کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے فوری گرفتارکرنیکا حکم دیا۔احتساب عدالت سکھر نے خورشید شاہ اوراویس شاہ کے فرنٹ مین زبردست خان مہرکو 14 روزہ ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا۔ عدالت نے وزیراعلیٰ سندھ کے مشیراعجازجکھرانی کے کزن اورمبینہ فرنٹ مین جیکب آباد کے میونسپل چیئرمین عباس جکھرانی کو بھی مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا۔