مکرمی ! پراگندہ سیاست کی نحوست سے ہماری ریاست کی رگ رگ میں منافرت اورصوبائیت کا زہر سرائیت کرتا گیا، اٹھارویں ترمیم کے نام پر "وفاق" میں "نفاق" کابیج" بونے" والے عناصر" سیاسی بونے "ہیں،اس ترمیم کے ہوتے ہوئے ہم ہجوم سے دوبارہ ایک متحد و مستعد قوم بن سکتے ہیں اورنہ تعمیرو ترقی ہمارامقدربنے گی۔ اٹھارویں ترمیم نے" فیڈریشن" کو"ڈپریشن" کے سوا کچھ نہیں دیا، "وفاق" اورسندھ کے درمیان ’’نفاق‘‘کی فضا اٹھارویں ترمیم کا شاخسانہ ہے، اس ترمیم سے جس جس سیاستدان نے فائدہ اٹھایاوہ باری باری بے نقاب اورکافی حدتک انتخابی سیاست سے بیدخل ہو گیا۔ ریاست کیلئے سیاست کرنا مستحسن جبکہ ریاست کیساتھ سیاست کر نا منافقت اورناقابل برداشت ہے۔ بدقسمتی سے ڈھیل اورڈیل کی سیاست نے پاکستان اوراس کی معیشت کوڈی ریل کر دیا۔ ہماری ریاست، سیاست اورصحافت شعبدہ بازی اورشعبدہ بازوں کے شکنجے میں ہے۔ (ناصر اقبال خان)