کراچی ،شاہ کوٹ،قصور (نمائندگان92 نیوز) لاہور،کراچی سمیت مختلف شہروں میں بجلی کی بد ترین لوڈشیڈنگ جاری ہے ،تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر اسد عمر کی یقین دہانیوں کے باوجود کراچی کے عوام کو سکھ کا سانس نہ آسکا،،مختلف علاقوں میں فنی خرابی یا مرمت کے نام پر بجلی کی بندش جاری ہے ،لوڈشیڈنگ ، اووربلنگ سے شہری بدستور پریشان ہیں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نے کہا کہ لوڈشیڈنگ نہ رکنے پر کراچی سے پی ٹی آئی نمائندگان استعفے دیں۔صوبائی وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ نے کہا غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ اووربلنگ کی شکایات بھی بڑھ گئی ہیں،کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے بدترین لوڈشیڈنگ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا اس میں شک نہیں لوڈشیڈنگ زیادہ ہور ہی ،درجہ حرارت کم ہوگا تو لوڈ شیڈنگ میں بھی کمی آئے گی شاہ کوٹ کے متعدد علاقوں میں مسلسل24گھنٹوں سے بجلی کی بندش پر شہری بلبلا اٹھے شدید گرمی میں پانی کی بوند بوند کو ترس گئے گزشتہ 24گھنٹوں سے شہر کی وارڈ نمبر5گلشن کالونی افتخار کالونی اور غوثیہ کالونی سمیت متعدد علاقوں میں ٹرانسفارمر جل جانے کے باعث بجلی کی سپلائی منقطع ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بجلی کے جھٹکوں سے لاکھوں روپے مالیت کی الیکٹرانکس کی اشیا جل گئیں۔