ملتان(سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کرپشن کو روکنا عمران خان کی ترجیحات میں شامل ہے ، ہم کرپشن کے ذمہ دار افراد کیخلاف بلا امتیاز کارروائی اورذمہ دارو ں کو بے نقاب کر رہے ہیں،ہم ہر اس ادارے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں جو کرپٹ عناصر کیخلاف کارروائی کررہا ہے ، پی ڈی ایم کے قول و فعل میں تضاد ہے ، پی ڈی ایم کہہ رہی ہے مناسب وقت پر استعفے دیں گے تو وہ وقت 2023ۂی ہوگا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کل میری امریکہ کے وزیر خارجہ انتھونی بلنکن سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، امریکی وزیرِ خارجہ کو وزیراعظم عمران کی ترجیحات سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا، امریکی وزیر خارجہ کو ڈینئل پرل کیس کے عدالتی فیصلے پر تشویش تھی جس پر انہیں اعتماد میں لیا، انہیں بتایا پاکستان میں عدالتیں مکمل آزاد، آئین و قانون کے مطابق فیصلے کر رہی ہیں،امریکی وزیر خارجہ نے عدالتی فیصلے پر نظرِ ثانی کی خواہش کا اظہار کیا ،ہم نے آگاہ کیا کہ عدالتی فیصلے کے خلاف سندھ حکومت نے نظر ثانی کی درخواست دائر کردی ہے ،ڈینئل پرل کے قتل پر انکے خاندان کو انصاف فراہمی کے خواہاں ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق شاہ محمود نے کہا امریکی وزیر خارجہ نے ڈینیئل پرل کیس کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا لیکن ملزم کی حوالگی کا کوئی مطالبہ نہیں کیا۔آن لائن کے مطابق وزیر خارجہ نے کہا امریکی صدر جوبائیڈن کی بہت سی ترجیحات وزیراعظم عمران خان کی ترجیحات میں بھی شامل ہیں ۔انہوں نے کہا پاکستان سفارتی ذرائع سے بھارتی مکروہ اقدامات اور تشدد کو بے نقاب کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا خطے کے حوالے سے منصوبے اس وقت پایہ تکمیل کو پہنچیں گے جب افغانستان میں امن ہو گا۔انہوں نے کہا اسامہ بن لادن کی جانب سے نواز شریف کی جو مالی معاونت کی گئی، وہ ریکارڈ پر ہے ، ملکی سلامتی کے معاملات پر تبصرہ نہیں کرنا چاہوں گا۔انہوں نے کہا مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے متوقع طور پر یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینٹ کے لئے کھڑا کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا پہلے تو یہ دیکھنا ہے کہ منتخب ہو پاتے ہیں یا نہیں، پنجاب سے انہوں نے منتخب ہونا ہے تو پیپلز پارٹی کے پاس سینیٹر منتخب کرانے کے لئے تعداد نہیں، اس کا مطلب ہے کہ ان کو سندھ سے لڑائیں گے یا پنجاب میں خرید و فروخت کریں گے ۔قبل ازیں وزیر خارجہ نے ملتان میں مصروف دن گزارا ۔ انہوں نے یونین کونسل 25 کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے چونگی نمبر14 ، احمد آبا دسے رسول پورہ روڈ کی تعمیر شروع کرنے کا اعلان کیا۔وزیر خارجہ نے این اے 156 یونین کونسل 38 (ایم پی اے ) وسیم خان بادوزئی کے ہمراہ ساجد نواز کی رہائش گاہ پر آئے ۔اس موقع پر اہلیان علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یونین کونسل کے لئے 5 کروڑ 18لاکھ روپے کے ترقیاتی منصوبو ں کا اعلان کیا۔ شاہ محمود قریشی نے ای بلاک اور اے بلاک شاہ رکن عالم میں میٹل روڈ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔وزیر خارجہ یوسی 15 میں سابق ٹکٹ ہولڈر فیاض بلوچ کی رہائش گاہ پر گئے اور معززین علاقہ سے ملاقا ت کی۔ یوسی 27 میں مرکزی انجمن تاجران کے رہنما خواجہ سلیمان صدیقی کی رہائش گاہ پر استقبالیہ میں شرکت کی اور یونین کونسل کے لئے ترقیاتی سکیموں کا اعلان کیا۔