ملتان (سٹاف رپورٹر) محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کاشتکار ٹنل ٹیکنالوجی کے تحت لگائی گئی سبزیوں کی بہتر دیکھ بھال سے بھرپور پیداوار حاصل کرسکتے ہیں۔ ٹنل کے اندر لگائی گئی سبزیوں کی آبپاشی اور کھاد بروقت استعمال کی جائے ۔ بہتر نتائج کے حصول کیلئے کھاد ڈرم میں حل کرکے بذریعہ اریگیشن دیں۔ سپرے کرنے اور کھاد ڈالنے کے بعد ٹنل کا منہ بند نہ کریں تاکہ گیس پیدا ہو کر نقصان نہ پہنچائے ۔ دن کے وقت تقریباً صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ٹنل کے منہ کو دونوں طرف سے کھلا رکھا جائے تاکہ ٹنل کے اندر زیادہ نمی پیدا نہ ہو جو کہ بیماریوں کا موجب بنتی ہے اگر ممکن ہو تو ٹنل میں ہوا خارج کرنے والا پنکھا لگا دیں تاکہ بے جا نمی کو خارج کیا جائے اور درجہ حرارت مناسب رکھا جاسکے ۔ کوشش کریں کہ ٹنل میں درجہ حرارت 15 سے 30 درجہ سینٹی گریڈ کے درمیان رہے ۔ بیلوں والی سبزیوں میں نر اور مادہ پھول الگ الگ ہوتے ہیں اس لیے اس میں اخلاط نسل خود بخود نہیں ہوتا لہٰذا یہ کام ہاتھ سے کریں اور ٹنل کے پلاسٹک اتارنے تک اس عمل کو جاری رکھیں کیونکہ پلاسٹک اتارنے کے بعد یہ کام مکھیاں سرانجام دیتی ہیں۔ پودوں کی دیکھ بھال کانٹ چھانٹ اور گوڈی وغیرہ کا خاص خیال رکھیں۔