وزیر اعظم عمران خان نے ٹلہ جوگیاں نیشنل پارک اور سالٹ رینج نیشنل پارک کا افتتاح کیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن اور قومی ٹورازم سٹریٹجی 2030ء کے تحت ملک بھر میں تاریخی اور قومی ورثہ کے حوالے سے اہم مقامات کی نشاندہی کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک بھر میں کئی تاریخی مقامات کو بحال کر کے انہیں عوام کے لئے کھولا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے بھی حکومتی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔حکومتی کاوشوں کے ثمرات سے ہی ہم سیاحت کے ذریعے زرمبادلہ کما سکتے ہیں۔ گو حکومت تاریخی مقامات کی تزئین و آرائش تو کر رہی ہے لیکن جب تک ان مقامات تک پہنچنے کے لئے بہتر سڑکیں نہیں ہونگی، تب تک ان مقامات پر پیسہ خرچ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ سیاحوں کی سہولت کے لئے وہاں پر رہائشی ہوٹل تعمیر کئے جائیں تاکہ لوگ آسانی کے ساتھ وہاں رہ سکیں۔ اس کے علاوہ اچھے معیار کی ڈسپنسری جو تمام ایمرجنسی آلات سے مزین ہو، اس کا ہونا بہت ضروری ہے۔ سیاحوں کے لئے صاف ستھرے واش روم اور خریداری کے لئے اچھے معیار کی دکانیں۔ اس کے ساتھ مقامی گائیڈ جو سیاحوں کو علاقے کی اہمیت اور تاریخ بارے آگاہ کرے۔ اس سے نہ صرف مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا بلکہ سیاح بھی ان علاقوں کا رخ کریں گے ۔وزیر اعظم پاکستان اور وزراء اعلیٰ ان ضروری چیزوں پر توجہ دیں تو ملک میں سیاحت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔