لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) مسلم لیگ(ن) کے سابق ایم این اے طلال چودھری اور خاتون رکن اسمبلی کے معاملے پر بنائی گئی کمیٹی نے اپنی رپورٹ جمع کرادی ۔مسلم لیگ (ن )کے ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے اپنی رپورٹ راناثنائاللہ کو جمع کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ طلال چودھری تنظیم سازی کے سلسلے میں نہیں، عائشہ رجب علی کے بلوانے پر گئے تھے ۔پارٹی ذرائع نے کہا کمیٹی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طلال چودھری نے تنظیم سازی کاجھوٹ بولا،طلال چودھری کاجھگڑا عائشہ رجب علی ہی سے تھا، اس کے بھائی سے جھگڑا ہوگیا۔نجی ٹی وی کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے طلال چودھری پر تشدد کے واقعہ کو فریقین کا باہمی معاملہ قراردے دیا۔کمیٹی کے مطابق آپس کے معاملے کوپارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی قرارنہیں دیا جاسکتا، فریقین صلح کرنا چاہیں یا قانونی کارروائی، یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے ۔ تحقیقاتی کمیٹی کی رکن سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ کمیٹی نے ابھی تحقیقات مکمل نہیں کیں، حقائق کے درست تعین کے بعد میڈیا کو آگاہ کریں گے ، خانگی حقوق ،ذاتی زندگی کے احترام کا خیال رکھاجائے ۔