فیصل آباد/گوجرانوالہ /سیالکوٹ(خصوصی رپورٹر، بیورورپورٹ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)لاہورہائیکورٹ کے علاقائی بینچوں کے قیام کیلئے احتجاجی وکلا آپے سے باہر ہو گئے ۔ مشتعل وکلانے فیصل آباد میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر پر دھاوابول دیا ۔ کچہریوں میں پڑی کرسیاں بھی توڑ دیں۔فیصل آبادمیں وکلا آپے سے باہر ہوگئے ، ڈنڈا بردار وکلا نے ڈپٹی کمشنر آفس کے عملے کو یرغمال بنالیا اور ڈی سی آفس میں جاری اجلاس کو زبردستی ختم کرا دیا ، مشتعل قانون دانوں نے دفترمیں توڑ پھوڑ بھی کی۔وکلا نے عدالتوں میں موجود سائلین کو زبردستی باہر نکال کر دروازوں کی تالہ بندی کر دی ،تمام چیمبرز بندکرادیئے ۔گذشتہ روز ڈسٹر کٹ بار کی طرف سے ہائی کورٹ بنچ کے قیام کے حوالہ سے مکمل ہڑتا ل کی گئی ، وکلاء نے سیشن کورٹ کے مین گیٹ اور دیگر گیٹوں پر تالے لگاتے ہو ئے سیشن کورٹ میں ہر قسم کی آمدورفت کا سلسلہ منقطع کر دیا جس کے باعث جوڈیشل افسران ، عدالتی اہلکار ، پولیس ملازمین ،سائلین سیشن کورٹ کے احا طہ میں محصور ہو کر رہ گئے ، وکلاء نے ٹائروں کو آگ لگاکر شارع عام کو بلاک کردیا جبکہ سیشن کورٹ کے مین گیٹ کے سامنے دھرنا بھی دیا گیا ، سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور پولیس ملازمین موقعہ سے کھسک گئے ، بعد ازاں وکلاء سیشن کورٹ کے سامنے دو بارہ پہنچ گئے ، جہاں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ بار کے صدر امجد اسلام ، جنرل سیکر ٹیری رہیل ظفر کینتھ اور دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ بنچ کا قیام فیصل آباد کے باسیوں کا آئینی اور قانونی حق ہے ، گورنر پنجاب چوہدری سرور سے مطالبہ کیا گیا کہ انکی طرف سے گذشتہ دور حکومت میں ہا ئی کورٹ بنچ کے قیام کیلئے کئے جا نے والے وعدہ کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ۔، وکلاء کی طرف سے تالہ بندی کئی گھنٹوں بعد ختم کی گئی ، دریں اثناء ڈسٹرکٹ بار کی طرف سے ہائی کورٹ بنچ کے قیام کیلئے تحریک چلا نے کے حوالہ سے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے ، جبکہ ڈسٹرکٹ بار آج بھی ہائی کورٹ بنچ کے قیام کیلئے ہڑتال کر ے گی ،تشکیل دی جانیوالی کمیٹی کے چئیرمین چوہدری عبدالسلام اور ممبران چنگیز احمد خان کاکڑ، چوہدری محمد اکرم خاکسار، محمد جاوید اعوان ، مہر غلام عباس نسوآنہ، مخدوم مجید حسین شاہ اور رانا محمد اکرم خاں ایڈووکیٹس شامل ہیں ۔گوجرانوالہ میں بھی ہائیکورٹ بنچ کے قیام کیلئے پر امن احتجاج کیا گیا ۔ اس موقع پر صدر بار نو ر محمد مرزا ، سیکر ٹری بار ظہیر احمد چیمہ نے کہنا تھا کہ جب تک ہمیں ہائی کوٹ بنچ نہ ملا تو ہم احتجاج کرتے رہیں گے پُر امن احتجاج کریں گے ،دوسری جانب گوجرانوالہ بار ایسوسی ایشن سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلا بھی عدالتوں میں پیش نہ ہوئے ۔ سیالکوٹ میں بھی وکلا نے احتجاج کیاان کا کہنا ہے کہ ہائیکورٹ کے بینچ کے قیام تک احتجاج جاری رہے گا۔