لاہور ، وزیر آباد، قصور، سیالکوٹ (کر ائم رپورٹر، نامہ نگار، ڈسٹرکٹ رپورٹر ز) لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر دھند کے باعث 40 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جبکہ دیگر ٹریفک حادثات میں بچے سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سیالکوٹ موٹروے پر جمعہ کی صبح شدید دھند کے باعث 40 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 15 سے زائد گاڑیوں کو بری طرح نقصان پہنچا اور 9 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے ۔ خوفناک حادثہ محمودبوٹی انٹرچینج پرپیش آیا ۔بابو صابو انٹرچینج سے موٹر وے پر چڑھنے والی ٹریفک کو دھند کی وجہ سے روک دیا گیاجس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مزید برآں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر دھند چھائی رہنے سے فلائٹ آپریشن جبکہ پاکستان ریلوے کا ٹرین آپریشن بھی شدید متاثر رہا،متعدد مسافر ٹرینیں تاخیر کا شکار رہیں ۔ادھر وزیرآباد میں کار سوار اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف گجرات ایاز الیاس جی ٹی روڈ بائی پاس کے خسڑے چوک کے قریب ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا کر دم توڑ گئے ، صدر پولیس وزیرآباد نے ٹریکٹر ٹرالی کو تحویل میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا ہے ۔ قصور میں کوٹ فتح باز خان کا رہائشی 30سالہ رضوان موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے گاڑی کی ٹکر سے جان گنوا بیٹھا ۔ کلے وا لہ تھ شیخم کے قریب ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے 5 سالہ بچہ بیلسن موقع پر جاں بحق جبکہ اسکا والد نیاز شدید زخمی ہوگیا۔سیالکوٹ میں لیبر کالونی کا رہائشی 27 سالہ محسن رمضان جھاڑیانوالہ کے قریب دھند کے باعث ٹرک سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں محسن موقع پر جاں بحق جبکہ وسیم زخمی ہوگیا ۔