لاہور(کلچرل رپورٹر)محکمہ ثقافت پنجاب نے فنکاروں کی مالی مدد کے لیے ایک بار پھر سے درخواستیں طلب کرلی ہیں ۔ زرائع کے مطابق پی ٹی آئی حکومت نے شہباز حکومت کے منصوبے کا نام بدل کر دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ فنکاروں سے 10 مختلف کیٹیگریز میں درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ فنکاروں کو15 روز میں درخواستیں جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے لیے وزیر ثقافت پنجاب میاں اسلم کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے ۔کمیٹی فنکاروں کی سکروٹنی کے لیے بنائی گئی ہے اس سے قبل بھی شہباز شریف حکومت میں آرٹسٹ خدمت کارڈ کے تحت سکروٹنی کی گئی تھی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ سابقہ منصوبے کے تحت کی گئی سکروٹنی ختم کردی گئی اور اب سارا عمل دوبارہ شروع ہوگا جس پر فنکاروں نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔