لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے مانیٹری پالیسی میں مارک اپ کی شرح برقرار رکھنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ خطے کے دیگر ممالک ممالک کو مدنظر رکھتے ہوئے مارک اپ کی شرح سنگل ڈیجٹ کی جائے تاکہ نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو، کاروباری شعبے میں استحکام آئے اورتجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صنعت سازی کا عمل تیز اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے صنعتی شعبے کو سستے قرضوں کی فراہمی بہت ضروری ہے لیکن سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی میں مارک اپ کی شرح برقرار رکھ کر امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے حالانکہ کاروباری برادری امید کررہی تھی کہ مارک اپ کی شرح میں کمی کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کو اس حقیقت کا ادراک ہونا چاہیے کہ مارک اپ کی شرح خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پہلے ہی بہت زیادہ ہے ۔