لاہور،اسلام آباد(کامرس رپورٹر،صباح نیوز، خصوصی نیوز رپورٹر) لاہور چیمبر میں ہنگامی اجلاس کے موقع پر مارکیٹوں، صنعتی اور تجارتی ایسوسی ایشنز کے سو سے زائد عہدیداروں اور نمائندوں نے ارکیٹیں و دکانیں کھلوانے کے لیے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کوششوں کو بھرپور طریقے سے سراہا اور حکومت کی جانب سے بنائے گئے ایس او پیز اور حفاظتی اقدامات پر مکمل عمل درآمد کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد، سابق صدر محمد علی میاں، ایس ایس پی سکیورٹیز فیصل شہزاد، بلال ظفراور مارکیٹوں، صنعتی و تجارتی ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں اور نمائندوں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ لاہور چیمبر کی محنت اور انتھک کوششیں رنگ لائیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا۔ دریں اثناآل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخصوص دنوں اور محدود وقت کی پابندی کی وجہ سے بازاروں اور مارکیٹوں میں معمول سے زیادہ رش ہو جائے گا ، حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے ۔ دریں اثنا آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ، سیکرٹری خالد محمود چودھری ودیگر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نرمی کے بارے میں اعلان کیا لیکن وزیراعظم اور دیگر وزراکے اعلانات کے برعکس نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ ایسا ممکن نہیں کہ راولپنڈی کھلا رہے اور اسلام آباد بند رہے ۔