لاہور(جنرل رپورٹر)وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدکی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں اعلی سطح اجلاس ہوا ۔اجلاس میں صوبائی وزیراوقاف سعید الحسن جعفری، صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن یاسرہمایوں، ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن(ر) اعجازاحمد، صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرکیپٹن(ر) محمدعثمان، کمشنر لاہورڈویژن آصف بلال لودھی، ڈی سی لاہوردانش افضال، ڈی جی ہیلتھ سروسزپنجاب ڈاکٹرہارون جہانگیر، پروجیکٹ ڈائریکٹرڈاکٹرشہناز اور وڈیولنک کے ذریعے تمام کمشنرزاورڈی سی حضرات نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ پولیس، پی آئی ٹی بی، ماحولیات، سوشل ویلفیئیر، فشریز، واسا، ایل ڈی اے ، لیبر، ٹرانسپورٹ، سپیشل برانچ، ڈی ایچ اے ، لیسکو، پی ایچ اے ، ایگری کلچر، انہار، ڈی جی پی آر، لوکل گورنمنٹ، آئی پی ایچ، ایل ڈبلیوایم سی، سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن، فوڈ، کوآپریٹو، پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن ودیگرمحکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیرصحت نے صوبہ بھرمیں انسدا ڈینگی مہم کے اعداد و شمار اورڈینگی پر قابوپا نے کے حوالہ سے اقدامات کاجائزہ لیا۔ ڈاکٹریاسمین راشدکااجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھرمیں ڈینگی پرقابوپانے کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔ ڈینگی لارواکی افزائش کوروکنے کیلئے موئثراقدامات جاری رکھے جائیں۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کاخاص خیال رکھاجارہاہے ۔