لاہور(کلچرل رپورٹر)گلوکار عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کی بیٹی پاکستانی ویژول آرٹسٹ لاریب عطا اور ان کی ٹیم نے آسکر اور بافٹا ایوارڈ 2022 کے لیے نامزدگی حاصل کی ہے ۔جیمز بانڈ سیریز کی حالیہ فلم ’’نوٹائم ٹوڈائے ‘‘ نے 94 ویں اکیڈمی ایوارڈ کے لیے ’’بہترین اوریجنل سانگ ‘‘، ’’بہترین سانگ ‘‘ اور ’’بہترین ویژول ایفیکٹس‘‘ سمیت تین نامزدگیاں حاصل کی ہیں۔ فلم کی ویژول ٹیم میں لاریب عطا بھی شامل ہیں جو فلم کی ڈیجیٹل کمپوزیٹر ہیں،اس کے علاوہ اس ٹیم نے بافٹا 2022 میں ’’بہترین سپیشل ویژول ایفیکٹس‘‘ کی نامزدگی بھی حاصل کی ۔لاریب عطا نے کہا میں ان تمام پیغامات اور تعاون کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی جو مجھے آسکر اور بافٹا میں’’نوٹائم ٹوڈائے ‘‘ کی نامزدگی کیلئے مل رہے ہیں،ایک اچھی ٹیم کے ساتھ کام کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے ۔ آسکر اور بافٹا ایوارڈ کی تقریبات اگلے ماہ ہوں گی۔عطااللہ عیسیٰ خیلوی نے بیٹی کی آسکر میں نامزدگی پر ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر کہا کہ بیٹا ایک بار پھر تم نے میرا نام فخر سے بلند کیا سلامت رہو ۔