پشاور ( نیوز رپورٹر) تربیلا جھیل میں ڈوبے افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو 1122 کی غوطہ خور ٹیموں کا پانچویں روز بھی آپریشن جاری رہا۔ ریسکیو ترجمان بلال احمد فیضی نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 ڈاکٹر خطیر احمد کی نگرانی میں ریسکیو1122 کی ٹیموں نے 20 سے 25کلومیٹر علاقے میں سرچ آپریشن کیا ہے ، سرچ آپریشن بین القوامی معیار کے مطابق لائن سرچ، اوپن سرچ اور ڈائیونگ سرچ کے ذریعے کیا جارہا جبکہ ریسکیو انتظامیہ نے پانی سے کشتی کو نکالنے کے لیے بور وائیر بھی خرید کر فراہم کر دی ہے ۔ بلال احمد فیضی نے کہا کہ ریسکیو112کے اہلکاروں نے جائے حادثہ اور تربیلا ڈیم کے مقام پر کیمپس قائم کیے ہیں، ریسکیو1122 کے اہلکار گزشتہ 4 راتوں سے تحصیل غازی برگ میں جائے حادثہ کے مقام پر کیمپ میں رات گزار ر ہے ہیں اور علی الصبح آپریشن شروع کردیتے ہیں جو رات گئے تک جاری رہتا ہے ، ریسکیو آپریشن کے دوران ریسکیو1122 کے 30 اہلکار، 3 کشتیاں، 2 ایمبولینسز اور 2 واٹر ریسکیو وین حصہ لے رہی ہیں، ریسکیو آپریشن دریا کی گہرائی اور گدلے پانی کے باوجود جاری ہے ۔سرچ آپریشن کے دوران ہری پور، پشاور، نوشہرہ اور ایبٹ آباد کی غوطہ خور ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔